نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت میں ایک خاتون نے غصے میں آ کر اپنے شوہر کو مردانگی سے ہی محروم کر دیا۔ میل آن لائن کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں پیش آیا جہاں 24سالہ سنتھوشی سنگھ نے چھری سے اپنے 26سالہ شوہر شیر سنگھ کا عضو مخصوصہ کاٹ ڈالا۔ بتایا گیا ہے کہ شیر سنگھ کام سے واپس آیا تو اس نے شراب پی رکھی تھی، جس پر اس کی بیوی نے اس سے بازپرس کی تو اس نے جواب میں جھگڑا شروع کر دیا اور خاتون پر ہاتھ اٹھا دیا۔ اس پر سنتھوشی مشتعل ہو گئی اور کچن میں جا کر چھری اٹھا لائی اور اس کے جسم کا حصہ کاٹ ڈالا۔رپورٹ کے مطابق شیر سنگھ اور سنتھوشی کا تعلق بنیادی طور پر بھارتی ریاست راجستھان کے ایک گاﺅں سے تھا اور وہ محض 10دن قبل ہی بہتر مستقبل کی امید لیے حیدرآباد منتقل ہوئے تھے جہاں شیرسنگھ نے ایک ماربل فیکٹری میں ملازمت کر لی تھی۔ دونوں کے دو بچے بھی تھے جو واقعے کے وقت گھر کے دوسرے کمرے میں موجود تھے۔ گھر سے چیخوں کی آوازیں آنے پر ہمسائے آئے اور صورتحال دیکھ کر پولیس کو اطلا ع دی جس نے شیر سنگھ کو عثمانیہ جنرل ہسپتال پہنچایا۔ اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔پولیس کے مطابق سنتھوشی اپنے شوہر کے ساتھ ہی ہسپتال آ گئی اور اب بھی اس کے ساتھ ہسپتال میں موجود ہے اور اس کی تیمارداری کر رہی ہے۔ شیر دل نے اگرچہ اس کے خلاف رپورٹ درج کرا دی ہے تاہم تاحال سنتھوشی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ان کے مابین انتہائی معمولی بات پر جھگڑا ہوا تھا اور سنتھوشی اب اپنے کیے پر بہت شرمندہ اور شدید صدمے میں ہے۔