طرابلس(سچ نیوز) تارکین وطن نے بحری جہاز کو اغوا کرکے رخ مالٹا کی جانب کردیا ، مالٹا کی مسلح افواج نے جہاز کا کنٹرول سنبھال لیاہے ۔جرمن نیوز ایجنسی کے مطابق مالٹا کی طرف بڑھنے والے ایک اغواءشدہ بحری جہاز کا کنٹرول مالٹا کی مسلح افواج نے حاصل کر لیا ہے اور اب اسے مالٹا کے ساحل کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔ تارکین وطن کو سمندر سے بچانے والے اس بحری جہاز کو تارکین وطن نے ہی اغواءکر لیا تھا۔ اس بحری جہاز نے منگل کے روز بحیرہ روم سے تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچایا تھا جس کے بعد وہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کی طرف روانہ ہو گیا تھا۔لیبیا کی بندرگاہ سے چھ ناٹیکل میل دور سے ہی اچانک اس جہاز نے اپنا راستہ بدل لیا اور مالٹا کی جانب سفر شروع کر دیا۔ اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ یہ لوگ تارکین وطن نہیں بلکہ بحری قذاق ہیں اس لئے جہاز کو اطالوی سمندری حدود میں داخل نہیں ہونے دیں گے ۔