اسلام آباد (سچ نیوز) تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کےآج ہونیوالے اہم اجلاس میں عمران خان کو باضابطہ وزیراعظم کیلئے امیدوار نامزد کیا جائے گاجبکہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کیلئے امیدواروںکی نامزدگی کا بھی امکان موجود ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق مرکز میں نمبر پورے کرنے کے بعدتحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس مقامی ہوٹل میں ہو گا، جس کی قیادت عمران خان کریں گے۔ پارلیمانی پارٹی عمران خان کو باضابطہ وزیراعظم نامزد کرے گی۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں سپیکراورڈپٹی سپیکر کے امیدواروں کے ناموں پر غور ہوگا۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کو وفاق اور صوبائی حکومتوں میں نمائندگی سمیت اہم فیصلوں کا بھی امکان ہے۔ پنجاب اور کے پی کے میں حکومت سازی کے امور سمیت بلوچستان میں شراکت اقتدار کے معاملات بھی اجلاس میں بحث کی جائے گی۔واضح رہے کہ 9آزاد ارکان کے سامن ہونے سے قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 125ہوگئی ہے جبکہ فواد چودھری کے مطابق اتحادیوں، خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کو شامل کرنے کے بعد تحریک انصاف کا نمبر بڑھ کر 174 تک پہنچ چکا ہے جو مطلوبہ ہدف سے زیادہ ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق بی این پی کی حمایت کے بعد تحریک انصاف 177 ارکان کاہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔