لاہور(سچ نیوز)پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ایک دودن میں وزیراعلی پنجاب کافیصلہ کرلے گی ،پی ٹی آئی کے پنجاب میں نمبرز پورے ہیں حکومت سازی میں کوئی مشکل نہیں ہو گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےسابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے پنجاب میں نمبرز پورے ہیں،امید ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام کا اعلان ایک دو روز میں کر دے گی۔سابق وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ اسد قیصر پہلے بھی خیبرپختونخوا اسمبلی میں سپیکررہ چکے ہیں، امید ہے کہ وہ مرکز میں بھی اچھا کام کریں گے جبکہ انہیں یہ بھی امید ہے کہ وہ سپیکرقومی اسمبلی بھی منتخب ہوجائیں گے۔ چوہدری پرویزالہی نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بارپرامن اور شفاف انتخابات ہوئے، آرٹی ایس شریف برادران کی حکومت ہی نے لیا تھا، اگر سسٹم ناکام ہوا ہے تو اس کی ناکامی کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔انھوں نے کہا کہ محموداچکزئی کو ہرانے والا ایم ایم اے کا امیدوار تھا، اب یہ مل کر احتجاج کر رہے ہیں تو کس کے خلاف کر رہے ہیں؟۔انھوں نے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے نمبر پورے ہوچکے ہیں، جلد وزیراعلی پنجاب کا فیصلہ ہوجائے گا۔واضح رہے کہ ق لیگ اور پی ٹی آئی کا وفاق اور صوبے میں اتحاد ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے چوہدری پرویز الہی کو سپیکر پنجاب اسمبلی نامزد کیا گیا ہے۔