اسلام آباد(سچ نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران پارٹی نے آئندہ 100 دنوں کیلیے لائحہ عمل کوحتمی شکل دے دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق کہ اجلاس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں جبکہ سابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ارباب شہزاد نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔تحریک انصاف نے حکومت سازی بارے اہم امور کے حوالے سے مشاورت کی اور ابتدائی100 دنوں کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں کے سربراہان کی تبدیلی کی فہرستیں بھی تیار کرلی گئیں،وفاقی و صوبائی اداروں کے سربراہان کی تبدیلی کی سفارشات ارباب شہزاد نے مرتب کیں جنہیں منظور کرلیا گیا۔اجلاس کے دوران وفاقی سیکرٹریز کے تبادلوں کی بھی فہرستیں تیار کی گئیں جبکہ سیاسی بنیادوں پر اعلیٰ عہدوں پر تعینات افسران کو بھی تبدیل کیا جائےگا جبکہ حکومت سنبھالتے ہی تحریک انصاف کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر، نیپرا، ریلوے، پی آئی اے سمیت کئی اداروں کے سربراہان کی تبدیلی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔تحریک انصاف کی نئی آنے والی حکومت میں سرکاری اداروں میں متعلقہ شعبے کے ماہرین کو تعینات کیا جائے گا اور نئی تعیناتیاں 100 دن کیلیے ہوں گی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ100 دن بعد ان افسران کی کارکردگی جانچی جائے گی۔