ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ بیت المقدس کی حفاظت ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے
انقرہ(سچ نیوز) بین الاقوامی صلاح الدین ایوبی کانفرنس کے حوالے سے ہدیٰ پارٹی کے چیئرمین اسحاق ساعلام کو بھیجے گئے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم بیت المقدس کے دوسرے فاتح صلاح الدین ایوبی اور ان کے دلیر فوجیوں کو رحمت و مغفرت کے ساتھ یاد کر رہے ہیں۔انہوں نے صلاح الدین ایوبی کے ان الفاظ کا حوالہ دیا ہے کہ اللہ کا گھر قبضے میں ہو تو صلاح الدین اپنے گھر میں کیسے راحت و آرام سے سو سکتا ہے ، صلاح الدین بیت المقدس کا عاشق ایک عظیم کمانڈر تھا۔صدر اردوان نے کہا کہ ترکی کے قومی ترانے کے شاعر مہمت عاکف ایرسوئے نے صلاح الدین ایوبی کو” مشرق کے محبوب ترین سلطان ” کے الفاظ سے پکارا ہے ۔ وہ صرف مسلمانوں کے دلوں میں ہی نہیں بستے بلکہ اپنے عدل و انصاف، دلیری و شجاعت اور شفقت و مرحمت کی وجہ سے اپنے دشمنوں کی نگاہ میں بھی ہمیشہ ایک اعلیٰ مقام پر رہے ہیں۔اسرائیل کے قبضے کو جائز بنانے والا، اسرائیل کے بیت المقدس کے الحاق پلان کی منظوری دینے والا اور ہمارے فلسطینی بھائیوں کے جائز حقوق کی پامالی کرنے والا ہر قدم صلاح الدین ایوبی کی امانت کی توہین کا مفہوم رکھتا ہے ۔