لاہور(سچ نیوز) نامور اداکار ہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں ترقی کے بغیر حقیقی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،تعلیمی نصاب میں تفریق معاشرے میں تقسیم کا باعث بن رہی ہے جس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے ۔تفصیلات کے مطابق اپنے ایک انٹر ویو میں ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے دنیا کے ترقی یافتہ اور مہذب معاشروں کی فہرست میں شامل ہونا ہے تو تعلیم کے شعبے میں قومی پالیسی تشکیل دے کر ایمر جنسی کا نفاذ کیا جائے ۔ہمیں اپنے بچوں کو جدید تعلیم سے بھی آراستہ کرناہے تاکہ ان کا اور ملک کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔ انہوں نے کہا معاشرے میں جو رجحانات پیدا ہو رہے ہیں وہ انتہائی خطرناک ہیں، ہمیں دلیل پر مبنی مباحثے کو فروغ دینا چاہیے ۔ تعلیمی نصاب میں تفریق بھی معاشرے میں تقسیم کا باعث بن رہی ہے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ یونیفارم پالیسی لائے اور تمام تعلیمی اداروں میں ایک ہی طرح کا نصاب پڑھایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں تعلیم کے میدان میں ترقی کوترقیاتی منصوبوں پر ترجیح دیں اور اس کے لئے اہداف مقرر کئے جائیں۔