برلن(سچ نیوز)جرمنی کے جنوب مغربی شہر فرائی بْرگ کے میئر نے انتہائی مخالفانہ تبصروں اور دھمکیوں کے بعد ٹوئیٹر اور انسٹاگرام کا استعمال ترک کر دیا ہے۔ اس صورتحال کا محرک ایک طالبہ سے مبینہ جنسی زیادتی کا واقعہ بنا۔غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق فرائی برگ کی شہری حکومت کی خاتون ترجمان نے بتایاکہ میئر مارٹن ہورن کو سوشل میڈیا پر اس غم و غصے کا نشانہ ایک 18 سالہ طالبہ کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی جنسی زیادتی کے واقعے کے تناظر میں بنایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اس طالبہ کیساتھ جنسی زیادتی کرنے والے زیادہ تر شامی افراد تھے۔خاتون ترجمان کے مطابق فرائی بْرگ کے 33 سالہ میئر مارٹن ہورن ان پیغامات کی بھرمار کا جواب دینے سے قاصر تھے، جن میں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی شامل تھیں۔ ترجمان کے مطابق تاہم وہ فیس بْک کا استعمال جاری رکھیں گے تاکہ لوگوں کی رسائی ان تک رہے۔