لندن (سچ نیوز) برطانوی میڈیا نے ترکی میں قتل ہونے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی باقیات ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمال خاشقجی کا چہرہ مسخ کیا گیا ہے۔ برطانوی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ جمال خاشقجی کی لاش کی باقیات ترکی میں سعودی قونصل جنرل کے گھر کے باغ سے ملے ہیں جبکہ ان کا چہرہ بھی مسخ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ جمال خاشقجی 2اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں داخل ہونے کے بعد سے لاپتہ تھے۔ ترک حکام نے ان کی گمشدگی کے چند دن بعد ہی کہہ دیا تھا کہ انہیں قتل کر دیا گیا ہے مگر سعودی حکام اس سے انکار کرتے رہے تھے تاہم اب سعودی عرب نے بھی ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔گزشتہ ہفتے سعودی حکام نے جمال خاشقجی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث 18 افراد کو گرفتار کیا۔ سعودی حکام کا کہنا تھا کہ مملکت کو اپنے شہری کی ہلاکت پر افسوس ہے، واقعہ کی تحقیقات اس بات کی مظہر ہے کہ سعودی قیادت انصاف کی فراہمی کےلئے پرعزم ہے۔