سرینگر(سچ نیوز) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے مکین اپنی سرزمین کو دوسرا فلسطین نہیں بننے دیں گے جہاں اسرائیلی قابضوں نے اصلی باشندوں کو نکال کر باہر کر کے غلام بنا دیا تھا ۔
سرینگر میڈیا کے مطابق ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یاسین ملک کا کہناتھا کہ سٹیٹ سبجیکٹ قانون ہماری امتیازی شناخت اور حق خودارادیت کی ضمانت فراہم کرتا ہے اس لئے اس قانون کا تحفظ کرنا جموں کشمیر کے ہر باسی کا فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے اسیروں کو ظالموں کے برعکس سیاسی موقف رکھنے کی پاداش میں بھارتی جیلوں اور جموں کشمیر کی جیلوں میں بدترین اذیتیں دی جا رہی ہیں جو دراصل جمہوریت کشی کے مترادف ہے ۔ فرنٹ چیئرمین نے موروثی سٹیٹ سبجیکٹ قانون کی مجوزہ منسوخی اور اس کے دفاع کو کشمیریوں کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنی سرزمین کی خصوصیت اور امتیازی حیثیت کے دفاع کے لئے اپنا لہو بہانے سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔