ممبئی(سچ نیوز) بھارتی عدالت نے جنسی ہراسانی کا الزام لگانے والی پروڈیوسر کے خلاف اداکار آلوک ناتھ کی درخواست مسترد کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ میں ’’سنسکاری بابوجی‘‘کے نام سے مشہور اداکار آلوک ناتھ نے ممبئی کی سیشن عدالت میں خود پر جنسی زیادتی اورریپ کا الزام لگانے والی پروڈیوسر اور مصنفہ ونتا نندا کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس میں گزارش کی گئی تھی کہ عدالت ونتا کو ان کے خلاف انٹرویوز دینے اوربات نہ کرنے کا حکم دے۔آلوک ناتھ کے وکیل ایڈوکیٹ اشوک ساراؤگی کا کہنا تھا کہ ونتا نندا سکرین رائٹر ہیں، وہ ریپ کا شکار ہونے کی کہانیاں بنارہی ہیں ، وہ ان کے موکل آلوک ناتھ پر صرف پیسوں اورشہرت حاصل کرنے کے لیے الزام لگارہی ہیں۔ جب کہ متاثرہ خاتون ونتا نندا کے وکیل ایڈوکیٹ دھروتی کپاڈیہ نے عدالت میں درخواست کے خلاف دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ان کی موکلہ کے خلاف حکم امتناہی جاری کردیا گیا تو یہ خواتین کے اظہار رائے کی آزادی پر حملہ ہوگا، تاہم عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد آلوک ناتھ کی درخواست خارج کردی۔