سیﺅل(سچ نیوز) جنوبی کوریا نے 15ہزار 750پاکستانیوں کی نوکری کی درخواستیں قبول کر لیں۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق ان پاکستانیوں نے جنوبی کوریا کے ساتھ 2008ءمیں ہونے والے معاہدے ’ایمپلائمنٹ پرمٹ سسٹم ‘ کے تحت مینوفیکچرنگ سیکٹر میں نوکریاں حاصل کرنے کے لیے درخواستیں دی تھیں۔اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین ہونے والے اس معاہدے کے بعد لگ بھگ 1لاکھ 9ہزار 317پاکستانیوں نے آن لائن درخواستیں دیں جن میں سے سترہ ہزار سات سو پچاس منظور کر لی گئی ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ”2008ءکے بعد شاٹ لسٹ ہونے والے پاکستانیوں کی یہ ریکارڈ تعداد ہے جس کا کریڈٹ وزیراعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز اور جنوبی کوریا میں تعینات پاکستانی سفیر کو جاتا ہے۔ اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن جنوبی کوریا میں نوکری کے خواہش مندوں کو آگاہ کر چکی ہے کہ وہ 29مارچ تک درخواستیں جمع کروا دیں۔ اس کے بعد جنوبی کورین سفارتخانے کے حکام ایک تحریری ٹیسٹ لیں گے اور پھر امیدواروں کا حتمی انتخاب کیا جائے گا۔ اس تحریری ٹیسٹ میں شامل ہونے کے لیے امیدواروں پر کورین زبان سیکھنا لازمی ہے۔ اس حوالے سے کارپوریشن ٹریننگ کورس کروا رہی ہے۔“