واشنگٹن( سچ نیوز ) امریکہ کے صدارتی انتخابات کی دوڑ میں جوبائیڈن کی فتح کے امکانات روشن ہو چکے ہیں اور ممکنہ طور پر وہ امریکہ کے آئندہ صدر بننے جا رہے ہیں۔ چنانچہ ان کے خاندان کے افراد کی زندگیاں بھی منظرعام پر آنی شروع ہو گئی ہیں جن میں جوبائیڈن کی 39سالہ بیٹی ایشلے بائیڈن بھی شامل ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق ایشلے بائیڈن ماضی میں منشیات سے متعلقہ جرائم میں کئی بار گرفتار بھی ہو چکی ہیں تاہم اب وہ ایک فیشن برانڈ چلا رہی ہیں۔
ایشلے نے یہ فیشن برانڈ اپنے آنجہانی بھائی بائیو سے متاثر ہو کر شروع کیا۔ اس کے علاوہ وہ سوشل ورکر اور سوشل جسٹس ایکٹیوسٹ بھی ہیں۔صدر ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ کے برعکس ایشلے لوگوں کی توجہ سے دور رہنا پسند کرتی ہیں۔ انہوں نے 2012ء میں پلاسٹک سرجن ڈاکٹر ہوارڈ کرین کے ساتھ شادی کی تھی جو عمر میں ان سے 14سال بڑے ہیں۔ مبینہ طور پر وہ 1999ء میں منشیات رکھنے اور 2002ء میں پولیس آفیسر کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں گرفتار بھی ہو چکی ہیں۔