اوٹاوا(سچ نیوز) کتوں کے انسانوں کو کاٹنے کے واقعات تو رونما ہوتے ہی رہتے تھے لیکن گزشتہ دنوں کینیڈا میں ایک نوجوان نے کتا بن کر ایک شخص کو کاٹ کر شدید زخمی کر دیا۔
سی ٹی وی نیوز کے مطابق یہ نوجوان ایک نفسیاتی عارضے کا شکار ہے اور خود کو آدھا کتا اور آدھا انسان سمجھتا ہے۔ اسی مرض کے زیراثر اس نے گزشتہ دنوں ایک میاں بیوی پر حملہ کر دیا اور کتے کی طرح دانتوں سے اس آدمی کے چہرے پر کاٹ ڈالا، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ”22سالہ ملزم کا نام آسٹن ہیروف ہے جس نے جان سٹیونز نامی شخص کو کاٹا۔ جب اس نے جان اور اس کی بیوی پر حملہ کیا تو وہ کتے کی طرح بھونک بھی رہا تھا۔ “ عدالت کے حکم پر جب ملزم کا طبی معائنہ کرایا گیا تو اس کے ذہنی مریض ہونے کی تصدیق ہو گئی۔ اس کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹر فلپ ریزنک نے 38صفحات پر مشتمل مینٹل ہیلتھ رپورٹ دی جو مارٹن کاﺅنٹی سٹیٹ اٹارنی آفس کی طرف سے جاری کر دی گئی ہے۔