اسلام آباد(سچ نیوز)خیبر پختونخواہ ہاوس اسلام آباد میں ایک وقت کی چائے کا خرچہ پونے دو لاکھ روپے آنے پر تحقیقات کے لیے کے پی کی نگراں حکومت کا خط نیب خیبر پختونخوا نے ہیڈکوارٹر بھجوادیاہے۔
نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق کے پی کے کی نگراں حکومت کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کے لیے 10 جولائی کو نیب خیبر پختونخوا کو ایک خط لکھا گیا،خط ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کی جانب سے نیب کے پی کے کو لکھا گیاجبکہ جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں کے پی ہاوس اسلام آباد کے اخراجات کا ایشو اٹھایا گیا تھا۔خیبرپختونخوا ہاوس اسلام آباد کی تحقیقات نیب خیبر پختونخوا کے دائرہ اختیار میں نہیں آتیں اس لیے صوبائی حکومت کا خط جانچ پڑتال کے لیے نیب ہیڈ کوارٹرز بھجوا دیا گیا ہے۔نگراں صوبائی حکومت نے نیب کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے، نیب خیبرپختونخوا ہاوس اسلام آباد میں اخراجات کی تحقیقات کرے اور معاملے میں تعاون کیا جائے گا۔