برلن(سچ نیوز)فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے کہا ہے کہ یورپ کو زیادہ مضبوط و مستحکم ہونا پڑے گا تاکہ یہ خطہ عالمی سیاست و منظر نامے میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے دنیا میں افراتفری کو پھیلنے سے روک سکے،جرمنی اور فرانس کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ دنیا کو افراتفری کا شکار نہ ہونے دیا جائے۔جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے دورہ جرمنی کے موقع پر پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقاصد کے حصول کے لیے یورپ کو زیادہ مظبوط ہونا چاہیے اور زیادہ خود مختاری کا مظاہرہ بھی کرنا چاہیے،یورپ اس وقت تک اپنا صحیح کردار ادا نہیں کر سکتا جب تک وہ اپنے دفاع و سلامتی کی ذمہ داری بھرپور انداز سے نہ اٹھا سکے۔انہوں نے کہا کہ ماحول دوست توانائی کے حصول اور موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے جیسے کئی معاملات میں یورپی براعظم کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ تجارت، سلامتی، مہاجرت اور ماحولیاتی پالیسی کے قیام جیسے امور میں بھی یورپ زیادہ فعال کردار ادا کرے۔