نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت میں دوران پرواز خاتون کو فحش فلم دکھانے والے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ملزم ممبئی کا ایک کاروباری شخص ہے جو ممبئی سے چنئی جا رہا تھا۔ راستے میں اس نے اپنے موبائل فون پر فحش فلم دیکھنی شروع کر دی اور اپنے ساتھ بیٹھی خاتون کو بھی دکھانے کی کوشش کی، جس نے جہاز کے عملے کو شکایت کر دی۔ جب جہاز چنئی ایئرپورٹ پر اترا تو پولیس اس بدطینت شخص کے انتظار میں تھی اور اسے گرفتار کرکے لے گئی۔رپورٹ کے مطابق خاتون چنئی کے مضافاتی علاقے میڈیپکم کی رہائشی تھی جو اپنے بچے کے ساتھ ممبئی میں مقیم اپنے شوہر سے ملنے کے واپس چنئی جا رہی تھی۔ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ”یہ شخص میرے ساتھ بیٹھ کر فون پر فحش فلم دیکھتا رہا اور اس نے موبائل کو اس انداز میں رکھا کہ فلم مجھے بھی نظر آتی رہے۔ میں نے جہاز کے عملے کو شکایت کی جس نے اس شخص کو سیٹ تبدیل کرنے کو کہا تاہم اس نے انکار کر دیا۔ بعدازاں فلائٹ کیپٹن آیا جس نے مجھے دوسری سیٹ پر شفٹ کر دیا۔ “
بتایا گیا ہے کہ پولیس نے جب ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد خاتون کو تحریری درخواست دینے کو کہا تو اس نے انکار کر دیا اور کہا کہ وہ اس کے خلاف تحریری درخواست نہیں دینا چاہتی۔ اس پر پولیس نے ملزم کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ”ملزم نے اپنے کیے پر معافی مانگ لی تھی اور آئندہ ایسا نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ہم نے اسے اس ضمانت پر رہا کیا ہے کہ اگر خاتون تحریری درخواست دیتی ہے تو اسے تھانے میں پیش ہونا پڑے گا۔“