اوٹاوا(سچ نیوز) سڑکوں پر گاڑیوں کے تصادم کی خبریں تو آئے روز سننے کو ملتی رہتی ہیں لیکن اب کینیڈا سے دو ہوائی جہازوں کے دوران پرواز ایکسیڈنٹ کی حیران کن خبر بھی سامنے آ گئی ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ حادثہ کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا کے قریب پیش آیا جہاں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10بجے کے قریب دو چھوٹے مسافر طیارے آپس میں ٹکرا گئے، جن میں سے ایک گر کر تباہ اور اس کا پائلٹ ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرے طیارے کا پائلٹ خوش قسمتی سے اوٹاوا ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کرنے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس کے مطابق تباہ ہونے والا طیارہ کارپ ایئرپورٹ کے قریب بچ جانے والے طیارے کے ساتھ نیچے سے ٹکرایا اور چند لمحوں میں ہی ایک رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اوپر والے طیارے کو معمولی نقصان پہنچا اور اس کے پائلٹ نے فوری طور پر اوٹاوا ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے جہاز کو وہاں اتار دیا۔ محفوظ رہنے والے طیارے میں 3مسافر بھی سوار تھے۔ ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بیورو حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔