کراچی (سچ نیوز)پیپلز پارٹی کے ناراض رہنما ﺅں ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا نے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس میں شمولیت اختیار کرلی ، سندھ کے عوام کی فلا ح و بہبود کے لئے ملکر ساتھ چلنے کاعزم ، دیگر چھوٹی پارٹیوں کو بھی جی ڈی اے میں شمولیت کی دعوت دیدی۔
تفصیلات کے مطابق پیر پگاڑا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے کہاہے کہ عام انتخابات کے نتیجے میں ہنگ پارلیمنٹ بنتی نظر آرہی ہے ،جب میں پارلیمنٹ میں تھی تو عوام کے لئے آواز اٹھاتی رہی لیکن جب میں پانچ سال بعد عوام میں گئی تو عوام نے مجھے تمام تر تعاون کا یقین دلایا انہوں نے کہا کہ چھوٹی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ جی ڈی اے سے اتحادکرلیں، انتخابات میں اتحاد ہوتے رہتے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے یکجا ہونا پڑے گا ۔ میرا 15مئی کاجلسہ ایک ریفرنڈم تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ایک تھا اور ایک رہے گا ، عوام کو صاف پانی مہیا کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے ، سندھ میں کسانوں کوپانی یکساں طور پر تقسیم کرنا چاہئے ۔فہمیدہ مرزا نے کہا کہ آئین چند آرٹیکلز پر مشتمل نہیں ہے بلکہ یہ ایک عوام اور ریاست کے درمیان معاہدہ ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے تعلیم ضروری ہے اگر ان کو تعلیم نہ دی گئی تو وہ نشے اور دیگر برائیوں میں مبتلا ءہو جائیں گے ۔سندھ کی اجازت کے بغیر دریائے سندھ پر ڈیم نہیں بننا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نام کی کوئی چیز اس وقت موجود نہیں۔اس موقع پر پیر آف پگاڑانے کہا کہ فہمیدہ مرزا اورذوالفقار مرزا کوجی ڈی اے کاحصہ بننے پر مبارکباد دیتا ہوں اورجی ڈی اے کا دائرہ کار پنجاب تک بھی بڑھائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ذوالفقار مرزا پہلے ہی ہمارے اتحاد ی ہیں اور اب فہمیدہ مرزا نے بھی جی ڈی اے کے ساتھ چلنے کافیصلہ کیا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ سندھ کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی ملے ۔جی ڈی اے کے ذریعے ہم نے لوگوں کو پلیٹ فارم مہیا کیا ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں بچوں کو تعلیم ،صحت اور امن و امان ملے ۔