ممبئی( سچ نیوز )بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی فلم ریلیز کے ایک روز بعد ہی آن لائن لیک ہوگئی جس کے باعث فلم کو کروڑوں کے نقصان کا خدشہ ہے۔بھارتی میڈ یا رپورٹس کے مطابق”گلی بوائے“ تمل روکرزویب سائٹ پرموجود ہے جہاں سے اس کا پائریٹیڈ ورژن با آسانی ڈاون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ ویب سائٹ تمل روکرزپرفلمیں لیک کرنے کے لیے کئی بارپابندی بھی لگائی گئی ہے لیکن جب بھی کوئی نئی فلم ریلیز ہوتی ہے یہ ویب سائٹ مختلف پروکسی سرورسے فلم کو آن لائن لیک کردیتی ہے۔ اس ویب سائٹ نے بھارتی پروڈیوسرز کو طویل عرصہ سے پریشان کیا ہوا ہے کیونکہ فلمیں غیر قانونی طور پر لیک ہونے کا اثر فلم کے بزنس پر پڑتا ہے اور پروڈیوسرز کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑتاہے۔ ”گلی بوائے“ کی آن لائن لیک کے بعد اس کا اثر بھی فلم کے بزنس پر پڑے گا۔واضح رہے کہ فلمی تجزیہ نگار ترن آدرش نے رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی فلم ”گلی بوائے“ کو بہترین قرار دیتے ہوئے اسے 5 میں سے 4 سٹارز دئیے ہیںجب کہ اسے ہدایت کارہ زویا اختر کے کیریئر کی بہترین فلم قراردیاتھا۔