ممبئی ( سچ نیوز ) بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلم ’عاشقی 2‘ کے اداکار ادتیہ رائے کپور نے اپنے اُوپر الزام لگنے کے تین سال بعد اس بات کی تردید کی ہے کہ انہوں نے اپنے کالج کے دنوں میں اداکار رنویر سنگھ کی گرل فرینڈ کو اُن سے نہیں چھینا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاک بسٹر فلم ’پدماوت‘ میں سلطان علاؤ الدین خلیجی کا کردار بخوبی نبھانے والے اداکار رنویر سنگھ نے آج سے تین سال قبل ایک شو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ وہ کالج کے دنوں میں ایک لڑکی کو بے حد پسند کرتے تھے جو کہ کلاس میں اُن سے جونیئر تھی، وہ اُس لڑکی کے لیے بالکل پاگل تھے۔رنویر سنگھ نے بتایا کہ ’وہ اور میں ایک دوسرےسے بہت محبت کرتے تھے لیکن پھر اُس لڑکی نے ادتیہ رائے کپور کی وجہ سے مجھ سے بریک اپ کرلیا اور اُس کے پاس چلی گئی۔ آج وہ لڑکی شادی شدہ ہے اور ایک بچے کی ماں ہے۔‘
رنویر سنگھ کی جانب سے اپنے اُوپر الزام لگائے جانے کے تین سال بعد ادتیہ رائے کی طرف سے موقف سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اپنے اُوپر لگنے والے الزام کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اُن کے اُوپر لگائے جانے والے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ادتیہ رائے کپور نےکہا کہ ’میں نے رنویر سنگھ کی گرل فرینڈ کو اُن سے نہیں چھینا بلکہ ان دونوں کے بریک اپ کے آٹھ ماہ بعد میں نے پہلی مر تبہ اُس لڑکی کو دیکھا تھا، جس کے بعد ہماری ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا۔‘
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار رنویر سنگھ خوبرو اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں اور وہ دونوں ایک خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔ اس جوڑے کے درمیان محبت کا آغاز اُن کی پہلی سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’رام لیلا‘ کے سیٹ پر ہوا تھا۔اس فلم کے بعد یہ دونوں سنجے لیلا بھنسالی کی دوسری فلم ’باجی راؤ مستانی‘ اور پھر بھنسالی کی ہی تیسری فلم ’پدماوت‘ میں ایک ساتھ نظر آئے۔رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون اب ایک ساتھ چوتھی فلم میں بھی آنے کے لیے تیار ہیں، لیجنڈ بھارتی کرکٹر کپل دیو کی زندگی پر مبنی اسپورٹس ڈرامہ فلم میں رنویر سنگھ کپل دیو کا کردار کریں گے جبکہ دپیکا اُن کی اہلیہ رومی دیو کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔واضح رہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی شادی 14 نومبر 2018 کو اٹلی کے خوبصورت ترین مقام ’لیک کومو‘ میں ہوئی تھی جس میں 100 کے قریب لوگوں کو مدعو کیا گیا تھا، اُن میں دپیکا اور رنویر کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کے علاوہ بالی ووڈ سے شاہ رخ خان، فرح خان اور سنجے لیلا بھنسالی شامل تھے۔