ہرارے(سچ نیوز)زمبابوے میں دو بسوں کے مابین ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 48 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے اور مشرقی قصبے روساپے کے درمیان واقع سڑک پر دو مسافر بسوں کے درمیان خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 48 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے ہیں ،حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں نے مقامی افراد کی مدد سے امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں اور ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں قریبی ہسپتالوں میں پہنچائیں جبکہ سرکاری ہسپتال کے مردہ خانے میں جگہ کی کمی کے باعث غیر سرکاری مردہ خانے کی مدد لی گئی۔سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثہ اس قدر خوفناک ہوا ہے کہ زخمیوں اور ہلاک ہونے والے افراد کی تصاویر شائع کرنے کے لیے بالکل بھی مناسب نہیں ہیں۔واضح رہے کہ ٹریفک حادثے زمبابوے میں معمول کا حصہ ہیں،سڑکوں کی مرمت کے حوالے سے سالوں کی غفلت اور وسائل کی کمی اس کی سب سے اہم وجہ ہے تاہم جس ہائی وے پر یہ حادثہ پیش آیا ہے وہ ماضی قریب میں ہی دوبارہ بنائی گئی ہے۔