اسلام آباد (سچ نیوز )سابق بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے انتقال پر پاکستان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی عوام سے اظہارہمدردی کیا ہے ۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اٹل بہاری واجپائی بھارت کے معروف سیاست دان ہیں جنہوں نے پاک بھارت تعلقات کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا ۔دفتر خارجہ نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی سارک اور علاقائی ترقی کے حامی تھے ۔سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی طویل علالت کے باعث 93 سال کی عمر میں چل بسے،وہ سالوں سے شدید بیمار اور گذشتہ تین ماہ سے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز ) میں زیر علاج تھے