بیجنگ( سچ نیوز) پاک چین اقتصادی راہ داری ایسا منصوبہ ہے جو پاکستان کی تقدیر بدل سکتا ہے، چنانچہ پاکستان کے بدخواہوں کو یہ منصوبہ ایک آنکھ نہیں بھایا اور انہوں نے سازشیں شروع کر دیں تاہم پاک چین دوستی کے سامنے ان کی تمام سازشیں دم توڑ گئیں اور یہ منصوبہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک بار سست روی کا شکار ہونے کے بعد پھر سے رفتار پکڑ گیا ہے اور مزید سینکڑوں چینی سی پیک منصوبوں پر کام کے لیے پاکستان پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ ویب سائٹ ravi.com.pk کے مطابق گزشتہ روز 200سے زائد چینی شہریوں کو ایک پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچادیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ان لوگوں کو چین کے تیان ژن بین ہئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایک چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے پاکستان لایا گیا۔ یہ لوگ ہربین الیکٹرک انٹرنیشنل کے ملازمین ہیں جو پاکستان میں توانائی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ یہ کمپنی جامشورو پاور سٹیشن کنسٹرکشن پراجیکٹ، بین جیا شینگ فیز تھری پاور سٹیشن، پاور ٹرانسمیشن اینڈ ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان ملازمین کی آمد سے ان منصوبوں پر کام کی رفتار ایک بار پھر تیز تر ہونے جا رہی ہے۔ ان منصوبوں پر اس وقت 500کے لگ بھگ چینی اور 1100سے زائد پاکستانی ورکرز کام کر رہے ہیں۔