پٹنہ(سچ نیوز) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی انڈین ایئرفورس کے پاکستان کی حدود میں فضائی حملے میں دہشتگردوں کا ٹریننگ کیمپ تباہ ہونے کا ثبوت مانگنے والے سیاسی مخالفین پر برس پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے جس طرح سرجیل سٹرائیک کا ثبوت مانگا جارہا تھا ایسے ہی حالیہ فضائی حملے کا بھی ثبوت مانگا جارہا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جن کی پاکستان میں ٹی وی پر تصویریں دکھا کر تالیاں بجائی جاتی ہیں۔ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آج کل ’ چوکیدار‘ کو گالی دینے کا مقابلہ جاری ہے لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کا چوکیدار ہمیشہ سے الرٹ ہے۔انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب انہوں نے فضائی حملے کے ثبوت مانگنے شروع کردیے ہیں، آخر کانگریس اور اس کے اتحادی بھارتی فوج کا مورال کیوں گرانے پر تلے ہوئے ہیں؟ آخر یہ ایسے بیانات کیوں دے رہے ہیں جس سے ہمارے دشمن کو فائدہ پہنچ رہا ہے؟۔یہ لوگ دیس کی آواز اور فوج کے حوصلوں کو بلند کرنے کی بجائے ایسی باتیں کررہے ہیں جس سے دشمنوں کے چہرے کھِل رہے ہیں، پاکستان میں ٹی وی پر ان کی باتیں اور تصویر دکھا دکھا کر تالیاں بجائی جارہی ہیں۔نریندر مودی نے انڈین ایئر فورس کی پاکستان میں کارروائی کے ثبوت مانگنے والوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا ’ جس طرح سرجیل سٹرائیک کا ثبوت مانگا جارہا تھا ایسے ہی وہ حالیہ فضائی حملے کا بھی ثبوت مانگنے لگے ہیں، آخر وہ کیوں ہمارے جوانوں کا حوصلہ توڑنے میں لگے ہیں؟ آخر کانگریس کے رہنما ایسے بیانات کیوں دے رہے ہیں جس سے انڈیا کے مخالفین کو فائدہ ہورہا ہے؟۔