اسلام آباد: (سچ نیوز ) سردی کی آمد کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، بڑھتے نرخوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ رواں سرما میں بھی ڈرائی فروٹ متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر رہے گا۔
سردی کی آمد کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی جہاں مانگ میں اضافہ ہوا ہے وہیں ان کے نرخ بھی بے تحاشا بڑھ گئے ہیں جس کے باعث متوسط طبقہ ڈرائی فروٹ خریدنے کی سکت نہیں رکھتا، سردیوں میں صرف دور سے ہی دیکھ کر گزارہ کریں گے۔ اخروٹ، چلغوزے اور کاجو سمیت دیگر سوغاتیں دکانوں کی رونقیں بڑھا رہیں ہیں۔ سرد ہوائیں آتے ہی خشک میوے کھانے کو سب کا جی تو للچاتا ہے مگر دام پوچھتے ہی جیب ساتھ دینے سے انکار کر دیتی ہے۔
خشک خوبانی کے نرخ 1200، انجیر 1800 سے 2400 روپے کلو، اخروٹ 2400، کاجو 3600 جبکہ پستہ 2600 روپے کلو ہو گیا ہے۔ عوام مہنگائی کا شکوہ کر رہے ہیں تو دکاندار کہتے ہیں ڈرائی فروٹ مہنگا ملے گا تو سستا کیسے بیچیں۔ خشک میوہ جات کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں بتا رہی ہیں اس بار عوام مونگ پھلی پر ہی گزارہ کریں گے۔