نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت میں سسرالیوں نے اپنی بہو کو بھوکا رکھ کر فاقوں سے مار ڈالا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست کیرالا کے ضلع کولم میں واقع گاﺅں ایور میں پیش آیا ہے جہاں 27سالہ تھوشرا نامی لڑکی کو اس کے شوہر چندو لال اور ساس گیتا لال نے گھر میں بھوکا پیاسا بند کیے رکھا جس سے وہ سوکھ کر کانٹا ہو گئی اور اس کی وہیں موت واقع ہو گئی۔
بتایا گیا ہے کہ موت کے بعد جب تھوشرا کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تو معلوم ہوا کہ موت کے وقت اس کا وزن محض 20کلوگرام رہ گیا تھا۔پولیس نے تھوشرا کے شوہر اور ساس کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تھوشرا کے سسرال والے مزید جہیز کا مطالبہ کرتے تھے تاہم جب وہ انہیں مزید جہیز دلانے میں ناکام ہو گئی تو انہوں نے اسے گھر میں بند کرکے اس کا کھانا پینا بند کر دیا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کئی دن مکمل فاقے میں رکھنے کے بعد موت سے چند دن پہلے اسے صرف چینی ملا پانی پلایا جاتا رہا تھا۔تھوشرا کی والدہ وجے لکشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ”میری بیٹی کی شادی کو 6سال ہو گئے تھے اور ان 6سالوں میں ہمیں اپنی بیٹی سے صرف 3بار ملنے دیا گیا۔ میں نے اسے آخری بار ڈیڑھ سال قبل دیکھا تھا۔ اس کے بعد اس کے سسرالیوں نے ہمیں اس سے نہیں ملنے دیا۔ “