ریاض(سچ نیوز)سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا ہےجس کے بعد وقوف عرفہ سوموار 20 اگست اور عید الاضحیٰ منگل 21 اگست کو ہو گی ۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا جس کے بعد اتوار 12 اگست یکم ذوالحجہ ہوگی جبکہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ سوموار 20 اگست کو ادا کیا جائے گا اور منگل 21 اگست کو عیدالاضحیٰ کا پہلا دن ہوگا،سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی درخواست کی تھی جس کے بعدسعودی عرب کے شہر حوطہ سدیر سے چاند دیکھنے کی متعدد گواہیاں موصول ہوئیں جبکہ چاند دیکھنے والوں میں فلکی علوم کے ماہر عبد العزیز الخضری بھی شامل تھے جس کے بعد سعودی سپریم کورٹ کی طرف سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا ۔دوسری جانب عرب اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی دارالسلام اور یونان میں ہفتے کو چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد ان ممالک میں سرکاری طور پر اعلان کیا گیا کہ یکم ذوالحجہ 13 اگست بروز پیر اور عید الاضحیٰ 22 اگست کو منائی جائے گی۔
واضح رہے سعودی عرب نے پہلے ہی عید الاضحیٰ کے لیے 11 روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کردیا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات نے 5 یوم کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ پاکستان میں ذوالحج کا چاند 12 اگست کو نظر آسکتا ہے، کل ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع کبھی صاف اور کبھی جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد کرے گی، اگر کل چاند نظر آگیا تو پاکستان میں عیدالاضحیٰ 22 اگست بروز بدھ کو ہوگی۔