اسلام آباد: (سچ نیوز ) وزیرِاعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو طلب کر لیا ہے جس میں سیاسی اور اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، عمران خان دورہ سعودی عرب پر ارکان کو اعتماد میں لیں گے اور دوست ملک کیساتھ معاہدوں کی منظوری دی جائے گی
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کے زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو ہو گا جس میں وزیرِ خزانہ سعودی عرب کے اقتصادی پیکج پر بریفنگ دیں گے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس کل گیارہ بجے وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوگا۔ وزیرِاعظم عمران خان اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیں گے۔ اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں کی منظوری دی جائے گی۔ مختلف عہدوں پر تقرریوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی مجوزہ کل جماعتی کانفرنس سمیت مختلف دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے۔