بیجنگ(سچ نیوز )سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران چین کے ساتھ اقتصادی رابطے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔بیجنگ میں ہونے والی ملاقات کے آغاز میںسعودی ولی عہد ، شہزادہ محمد بن سلمان نے چینی صدر کو سعودی فرماروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ملاقات کے دوران سعودی چینی سٹرٹیجک تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد بن سلمان نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران سعودی چینی تجارتی تبادلے کے حجم میں 32فیصد کا اضافہ ہوا۔انہوں نے چین کے سٹریٹجک اہداف کو سعودی عرب کے ویژن 2030 کا ہم پلہ قرار دیا۔ اس موقع پر صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین سعودی اسٹرٹیجک شراکت دار مسلسل بڑھ ر ہے ہیں، جبکہ گزشتہ چند سالوں میں بین الاقوامی اور علاقائی امور پر دونوں ملکوں کےدرمیان دائمی ہم آہنگی نظر آئی۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور اسٹرٹیجک تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے مشترکہ کوششیں بروئےکار لانے پر زور دیا اور سعودی چینی مشترکہ کمیٹی کے قیام کو سراہتے ہوئے اسے منصوبوں کی تکمیل کےلئے اہم مددگار قرار دیا۔