واشنگٹن ( سچ نیوز ) ترکی میں قائم سعودی عرب کے قونصل خانے میں قتل ہونے والے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے خلاف امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں ہرجانے کا دعویٰ دائر کرادیا گیا ۔
دعویٰ مقتول صحافی کی منگیتر خدیجہ چنگیز کی جانب سے دائر کیا گیا ہے، وہ امریکی شہری ہیں اور انہوں نے عدالت میں سعودی ولی عہد کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ جمال خاشقجی کے قتل کے واقعے کے بعد انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
ہرجانے کے دعویٰ میں مزید کہا گیا ہے کہ جمال خاشقجی کے قتل کا مقصد صاف اور واضح ہے کہ انہیں عرب دنیا میں جمہوری اصلاحات کی جدو جہد سے روکنا مقصود تھا۔بی بی سی کے مطابق جمال خاشقجی کی منگیتر نے کہا کہ جمال سمجھتے تھے کہ امریکہ میں ہر چیز ممکن ہے ، میں نے امریکہ کے عدالتی نظام پر بھروسہ کیا ہے اور امید کرتی ہوں کہ مجھے انصاف دیا جائے گا۔