لندن : (سچ نیوز ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان کے باہر جائیداد ہونا غیر قانونی نہیں لیکن غیر قانونی طریقے سے بنائی گئی جائیدادوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ برطانیہ سے بھی سینکڑوں جائیدادوں کی تفصیل آئی ہے، نومبر میں سوئس اکاؤنٹس سے متعلق معاہدہ طے پانے کی توقع ہے، غیر قانونی طریقے سے بنائی گئی جائیدادوں کے خلاف کارروائی کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو وطن واپس لایا جائے، انھیں پاکستان واپس لانے کیلئے کام جاری ہے۔ ہم نے برطانوی اداروں کو کیسز سے متعلق مطمئن کرنا ہے کہ یہ سیاسی نہیں اور احتساب کا عمل صرف مخصوص لوگوں کے لیے نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایکسٹراڈیشن کیسز پر برطانوی حکومت سے مذاکرات ہوئے، دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ جلد ممکن ہوگا، منظوری وزیراعظم کے دورہ چین کے بعد ہو گی۔