اسلام آباد (سچ نیوز) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا نے کہاہے کہ عوام کوگمراہ کرنے والے سے سختی سے نہ نمٹا تو شدت پسندی پورے ملک کوکھائی جائیگی ، اداروں کو گالیاں دینے والوں کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کومل کر بیٹھنا ہوگا ۔جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ کوئی مذہب دہشت گردی نہیں پھیلاتا ، یہ جہالت ہے ، اٹھارہ سال کے بچوں کواسلام کے نام پر گمراہ کیاجارہاہے ، انہوں نے کہا کہ یہ گروہ ریاست کوبلیک میل نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے عوام کوگمراہ کیاہے ان کے ساتھ سختی سے نمٹنا پڑے گا ورنہ یہ شدت پسندی پورے ملک کوکھاجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کوکھلے عام گالیاں دینے والوں کیخلاف تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر بیٹھنا ہوگا ، یہ جو کچھ میڈیا ، عام پاکستانیوں کے ساتھ کیا جارہاہے اس کے خلاف مل بیٹھ کر کچھ کرناہوگا ورنہ یہ ملک تباہی کی طرف چلا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں لیکن مذہب کا غلط استعمال کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے ۔