ممبئی(سچ نیوز) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنی بیٹی سہانا خان کو سانولا کہنے والوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رنگ و روپ پر انسان کا کوئی اختیار نہیں ہوتا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان نے حال ہی میں ایک ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ میں اپنے کمرے میں پہلے ہالی ووڈ اداکار چیری لیڈ اور چلنٹ ایسٹ ووڈ کے پوسٹر رکھا کرتا تھا لیکن میں یہ کبھی نہیں سوچتا تھا کہ ان پوسٹر کی وجہ سے میں بھی ان جیسا بن جاؤنگا یہی وجہ ہے کہ یہ پہلو کبھی میری زندگی کا حصہ نہیں رہا۔شاہ رخ خان نے کہا کہ ایک چیز جو مجھے کام سے مخلص رکھتی ہے وہ میری دیانت داری ہے اور اس میں رنگ و روپ کا کوئی کردار نہیں ہے اور نہ ہی انسان کا رنگ و روپ پر کوئی اختیار ہے، آج میرا طرز زندگی دیکھیں، میں دیکھے جانے میں بھی اچھا ہوں اور پوسٹر بوائے بھی بن گیا ہوں۔کنگ خان نے مزید کہا کہ میں اپنی بیٹی کے حوالے سے بھی ہمیشہ سچ کہتا ہوں اور کہوں گا کہ وہ سانولی ہے لیکن اس کے باوجود وہ دنیا کی خوبصورت لڑکی ہے اور اْس کے سانولے رنگ کے حوالے سے کوئی مجھے کچھ نہیں کہہ سکتا۔