لاہور ( سچ نیوز ) سال 2020 شوبز ستاروں کے لئے اچھا ثابت نہیں ہورہا ، لالی ووڈ ، بالی ووڈ کی کئی نامور شخصیا ت کانام صفحہ ہستی سے مٹ چکا اور کچھ نے اپنی راہیں جدا کرلیں۔لاہور کی فیملی کورٹ نے سٹیج اداکارہ آفرین خان کو خلع کی ڈگری جاری کردی۔
سٹی 42 کے مطابق پاکستانی سٹیج اداکارہ آفرین خان نے اپنے شوہر سے راہیں جدا کرلیں،اداکارہ آفرین خان نے شوہر عدیل بھٹی سے خلع لے لی، فیملی کورٹ نے سٹیج اداکارہ آفرین خان کو خلع کی ڈگری جاری کردی۔ اداکارہ کا بیان قلمبند کرنے کے بعد خلع کی ڈگری جاری کی گئی، فیملی کورٹ میں آفرین خان نے رانا نوید کی وساطت سے درخواست دائر کی۔
سٹیج اداکارہ آفرین خان کا کہناتھا کہ شوہر عدیل بھٹی میرے بھائی اور مجھے پر تشدد کرتا ہے، شوہر کے ساتھ مزید نہیں رہنا چاہتی۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت خلع کی ڈگری جاری کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ڈگری جاری کردی۔
اپنے ایک بیان میں آفرین خان کا کہناتھا کہ تشدد اور قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں جس پر اپنے شوہر عدیل بھٹی کے خلاف تھانہ ستوکتلہ میں درخواست دی،تھانہ ستوکتلہ میں درخواست دیکر قانونی کارروائی کرنے کا کہہ دیا ہے۔
اداکارہ نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی فیملی پر تشدد کیا اوربھائی کو بھی ماراگیا، حکام میری داد رسی کریں۔ ان کی دو بیٹیاں ہیں جن کو لےکر وہ ان دنوں دربدر کی ٹھوکریں کھا رہی ہیں کیونکہ ان کا شوہر انہیں قتل کی دھمکیاں دیتا ہے۔