اسلام آباد: (سچ نیوز ) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار نہیں کئے جا رہے نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیرغور ہے۔ اسرائیلی طیارے کی آمد کی خبر بھی بے بنیاد ہے۔ امید ہے پاکستان مشکل دور سے جلد نکل جائے گا۔
صدرِ پاکستان عارف علوی نے ترکی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترک ہم منصب طیب اردوان کی دعوت پر دورہ کر رہا ہوں، ترکی دوست ملک ہے، ہر معاملے میں پاکستان کا ساتھ دیا، دورہ ترکی کے دوران دیگر ممالک کے رہنماوں سے ملاقاتیں ہوں گی، دنیا کی سازشوں کے باوجود ترکی میں جمہوریت اپنے راستے پر گامزن ہے۔
صدر نے اسرائیلی طیارے سے متعلق خبروں کی تردید بھی کی انھوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار نہیں کر رہے، نہ ہی کوئی تجویز زیر غور ہے، اسرائیلی طیارے کی آمد کی خبر بھی بے بنیاد ہے۔
صدر عارف علوی نے معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی، پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی بھائیوں کے حقوق کی حمایت کی ہے۔ سندھ میں گورنر راج سے متعلق خبروں پر صدر مملکت نے کہا ایسی خبریں درست نہیں۔ سندھ کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت سے تعاون کریں گے۔ اقتصادی مسائل کے حل کیلئے پر امید ہیں، تحریک انصاف کی حکومت بہت مضبوط ہے، پاکستان مشکل دور سے جلد نکل جائے گا۔