صنعاء(سچ نیوز)یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ اتحادی فورسز نے صنعا میں الدیلمی ایئر بیس میں عسکری اہداف کے خلاف کارروائی کی ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق کارروائی کے دوران بیلسٹک میزائلوں کے گودام اور ان کے لانچنگ پیڈز، ڈرون طیاروں کے کنٹرول کے زمینی سٹیشنز اور گولہ بارود کے استعمال کے ورکشاپس کو تباہ کر دیا گیا۔مذکورہ کارروائی حوثی ملیشیا کی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کے بعد حاصل ہونے والی انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ اس کا مقصد علاقائی اور بین الاقوامی امن کے لیے خطرہ بننے والی اس عسکری قدرت کو تباہ کرنا اور ان پر روک لگانا تھا۔ترکی المالکی کے مطابق صنعا کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ کام کرتا رہے گا اور اقوام متحدہ کے زیر انتظام طیاروں اور دیگر امدادی طیاروں کے لیے ایئر نیوی گیشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔ عرب اتحاد کی فورسز کے ترجمان نے واضح کیا کہ عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کی حالیہ کارروائی بین الاقوامی انسانی قانون کا پورا خیال رکھتے ہوئے عمل میں لائی گئی۔