چٹاگانگ (سچ نیوز) بنگلہ دیش میں طیارہ ہائی جیکنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی، مبینہ ہائی جیکر کاک پٹ میں گھسنے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت ڈھاکہ سے دبئی جانے والی پرواز نے ہائی جیکنگ کے خطرے کے باعث ساحلی شہر چٹاگانگ میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ بیمان بنگلہ دیش ایئر لائن کی فلائٹ میں 142 مسافر سوا ر تھے جنہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بیمان بنگلہ دیش ایئر لائن کی پرواز بی جی 147 میں ایک مسافر نے طیارے کے کاک پٹ میں گھسنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔ طیارے نے جیسے ہی شاہ امانت ایئر پورٹ چٹاگانگ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی اسی وقت پولیس کی بھاری نفری نے چاروں طرف سے اسے گھیر لیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بحفاظت تمام مسافروں کو باہر نکال لیا اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ مبینہ ہائی جیکر کی عمر 25 سال بتائی جارہی ہے جس کی اس کوشش کا مقصد تاحال واضح نہیں ہوسکا ہے۔