کراچی(سچ نیوز)امریکہ میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ ان کی بہن کی واپسی ناممکن چیز نہیں،وزیراعظم تعاون کریں اور ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کے لیے بھرپور کوشش کریں، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے دورہ امریکہ میں عافیہ صدیقی سے ملاقات نہ کرنا افسوسناک ہے۔نجی ٹی وی چینل ’’ہم نیوز ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ آج پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی امریکی جیل میں ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے ملاقات ہوئی جو ایک خوش آئند بات ہے،عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ قوم کی بیٹی نے پکارا ہے تو حکومت ضرور تعاون کرے گی،ڈاکٹر عافیہ کی واپسی ناممکن چیز نہیں، قانونی طورطریقوں کو اپناتے ہوئے انہیں وطن واپس لانا ممکن ہے اوراس کے لیے دونوں ممالک کو کسی قسم کا دوطرفہ معاہدہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے کہا کہ یہ قدم اٹھانے کے لیے پاکستانی قیادت کی جانب سے محض سیاسی عزم کی ضرورت ہے ، صرف ایسی لیڈر شپ کی ضرورت ہے جو اپنی قوم کی بیٹیوں کی عزت کا تحفظ کرنا جانتا ہو،ساڑھے پندرہ سال سےعافیہ صدیقی امریکہ میں قید ہیں لیکن کسی حکومت نے میری بہن کی رہائی کے لئے کچھ نہیں کیا ،ہمیں اس حکومت سے زیادہ توقعات ہیں۔ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے دورہ امریکہ میں عافیہ صدیقی سے ملاقات نہ کرنا افسوسناک ہے لیکن اب بھی عافیہ کو اس حکومت سے اچھی توقعات ہیں۔انہوں نے کہا کہ زندان سے قوم کی بیٹی نے اپنے وزیر اعظم کو پکارا ہے ،میرا سوال ہے کہ وزیر اعظم نے اب تک کیا کیا ہے؟لیکن ہمیں پھر بھی امید ہے کہ وزیر اعظم عمران خان قوم کی بیٹی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ امریکی جیل میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی صحت مسلسل گر رہی ہے ،ساڑھے 15 سال کا عرصہ کم نہیں ہوتا۔