ممبئی(سچ نیوز) بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ فلموں کے لیے ایک روپیہ بھی معاوضہ نہیں لیتے لیکن جب فلم ہٹ ہوجاتی ہے تو منافع میں سے اپنا حصہ وصول کرتے ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطباق انٹرویو کے دوران اداکارعامر خان نے بالی ووڈ میں اپنی کامیابی کاراز بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ہر فلم میں کچھ نہ کچھ نیا کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور نیا تجربہ کرتے ہوئے کبھی بھی ڈرتے نہیں ہیں۔ عامرخان کا کہنا تھا کہ میں ناکام ہونے سے کبھی بھی گھبراتا نہیں ہوں بلکہ کوشش نہ کرنے سے گھبراتا ہوں جب کہ میں اپنی فلموں کے لیے معاوضے کے طورپرایک روپیہ بھی وصول نہیں کرتا۔انہوں نے کہا بطور پروڈیوسر یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں اس بات کا خیال رکھوں کہ فلم پر جتنا پیسہ لگایا گیا ہے وہ سب واپس آئے اس کے علاوہ فلم کی ٹیم کے ہرممبرکو پیسے ملیں، لہٰذا جب میری فلم ہٹ ہوجاتی ہے تومیں منافع میں سے اپنا حصہ وصول کرتا ہوں، یہ چیز مجھے ذمہ دار بناتی ہے اور یہی میری کامیابی کا راز بھی ہے۔واضح رہے کہ عامر خان فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ جیسے بڑے پروجیکٹ میں کام کررہے ہیں جس میں اداکارامیتابھ بچن، اداکارہ کترینہ کیف اور فاطمہ ثنا شیخ بھی شامل ہیں جب کہ فلم ’’ ٹھگ آف ہندوستان‘‘ 8 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔