راولپنڈی(سچ نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے انتخابات میں فوج کے کردار سے متعلق پرومو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فوج کی خدمات حاصل کرنے کا مقصد صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں تعاون کرنا ہے, عام انتخابات کے موقع پر ساڑھے تین لاکھ فوجی جوان ملک بھر میں الیکشن ڈیوٹی دیں گے۔آئی ایس پی آر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئین کے تحت پاک فوج کی خدمات حاصل کی ہیں اور افواج پاکستان اپنا فرض مکمل غیر جانبداری سے سرانجام دے گی۔ڈائریکٹر جنرل آف آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آرٹیکل 220 اور 245 کے تحت مسلح افواج کی خدمات حاصل کی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن سے پہلے پورے ملک میں امن و امان یقینی بنایا جارہا ہے۔ شہری بنا کسی خوف کے اپنا حق رائے دہی آزادانہ طریقے سے استعمال کریں۔25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے موقع پر ساڑھے تین لاکھ فوجی جوان ملک بھر میں الیکشن ڈیوٹی دیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اس ضمن میں ضابطہ اخلاق بھی جاری کیا گیا ہے۔