لاہور(سچ نیوز)تحریک لبیک پاکستان نے ہالینڈ میں ہونے والے گستاخانہ خاکوں کےخلاف اور ہالینڈ کے سفیر کی ملک بدری کے لئے لاہور سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی حال میں نہیں رکیں گے، ہمارے ساتھ جانے والے لوگوں نے اپنے شاپروں میں کفن ڈالے ہوئے ہیں،حکومت ہمارے لاہور سے نکلنے سے پہلے ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرے دے۔
تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی نے ’’ڈیلی پاکستان‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ اُمت کی بقاءکا مسئلہ ہے،ختم نبوتﷺ کے بعد امت کو اس کا بدلہ لینا چاہئے ،امت کواس مسئلے کے خلاف اکٹھا ہونا ہوگا ، ہالینڈ کے سفارت خانے کو بند کیا جائے ،شاہین بچوں کو بطخو ں کا سبق پڑھایاجارہا ہے ،اگر بچوں کو بطخوں کا سبق پڑھایا جائے گا تو وہ تو پھر اِنہی کاموں کے پیچھے پڑیں گے کہ تنخواہ کہاں سے اچھی ملتی ہے اور دو نمبری کہاں سے کرنی ہے اور دو نمبر مال کہاں سے خرید کر کہاں بیچنا ہے؟نورالدین زنگی وہ لوگ بنتے ہیں جن کے شاگرد صلاح الدین ایوبی ہوتے ہیں ،جن کے مرنے کے بعد ان کے گھر میں کفن کے پیسے بھی نہیں تھے تو مسلمانوں نے چندہ کر کے ان کو دفنایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم کل(بدھ کو ) دو بجے داتا دربار کے مزار سے روانہ ہوں گے ویسے تو دو بجے کا وقت دیا ہے لیکن ہو سکتا ہے کہ آدھا گھنٹہ یا گھنٹہ تاخیر ہوجائے ،رات ہمار اپڑاؤ گجرات میں ہوگا،رابطے کئے جا رہے ہیں ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ حکومت کو ہدایت دے اور یہ ہمارے لاہور سے نکلنے سے پہلے ہی ان کا سفیر نکال دیں اور اپنے سفیر کو وہاں سے واپس بلا لیں،پوری پاکستانی قوم کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہمارے لاہور سے نکلنے سے پہلے ہالینڈ کے سفیر کو ملک سے نکال دیں ۔
انہوں نے کہاکہ انتہا پسندی یہ نہیں ،ہمیں اگر رسول اللہﷺ کے لئے جان دینی پڑی تو ہر وقت جان دینے کے لئے تیا ر ہیں،بہت سارے لوگ جو ہمارے ساتھ جائیں گے اور مجھ سے ملیں ہیں ،اُنہوں نے اپنے شاپروں میں کفن بھی ڈالے ہوئے ہیں ،اگر حکومت نے روکنے کی کوشش کی تو ہم نے کون سا رک جا نا ہے ؟یہ حضورﷺ کی عزت کا سوال ہے یہ نہیں کر سکتے کہ آنسو گیس آرہی تھی یا گولی آرہی تھی تو ہم رک گئے ،میں تو چاہتا ہوں کہ اتنی زندگی بسر کر لی ایک گولی آئے اور میں مسکراتا ہوا یہ کہوں کہ حضورﷺ کے لئے تو اسی کی تمنا تھی آج وہ پور ی ہو گئی۔