لاہور (سچ نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو عوام کی طاقت سے بن کر آئے ہیں، اس سے پہلے مجھ سمیت 21 وزیراعظم بنائے جاتے تھے جبکہ ان میں سے دو وزیراعظم تو میں نے خود اپنے ہاتھ سے بنوائے تھے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان 22 سال ایک مقصد اور ایک سوچ کے ساتھ محنت کر کے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں جبکہ اس سے پہلے کوئی بھی ایسا وزیراعظم نہیں تھا جو عملی طور پر تگ و دو کر کے اس منصب پر پہنچا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہئے کہ ان کے عوام کی خدمت کرنے کے جذبہ کی قدر کریں اور پاکستان کے دنیا میں وقار اور تباہ شدہ معیشت کی بحالی کا انہوں نے جو عزم کیا ہے اس میں ان کا ساتھ دیں، ان کے ساتھ چلیں اور مدد کریں، اپنے اختلافات کو بھول جائیں تاکہ عمران خان اپنے 22 سالہ مقصد پورا کر سکیں۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ میں عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ہم پر جو اعتماد کیا اور چودھری پرویزالٰہی کو سپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدہ کیلئے نامزد کیا جو بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے، ہم انشاء اللہ ان کی توقعات پر پورا اتریں گے۔