اسلام آباد (سچ نیوز)سابق چیئر مین سینٹ وسیم سجاد نے کہاہے کہ پارلیمنٹ میں تحریک انصاف کو جو مشکل صورتحال درپیش ہوگی اس کے پیش نظر عمران خان قبل از وقت انتخابات کروا سکتے ہیں جس کے باعث ہو سکتا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے پانچ سال پور ے نہ کر ے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم سجاد نے کہاہے کہ اگر 53ممبران نے سینٹ میں چیئر مین صادق سنجرانی کے خلاف ووٹ ڈال دیئے تو وہ اپنے عہدے پر نہیںرہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں اپوزیشن کی صورت میں چیئرمین سینٹ کے لئے ایوان کو چلانا ہے مشکل ہوگا ۔ عمران خان بہت سی اصلاحات لانا چاہ رہے ہیں لیکن پارلیمان میں ان کے پاس اتنی اکثریت نہیں ہے کہ وہ اپنا ایجنڈے پر عمل در آمد کر سکیں۔ اس لئے ان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے یہ کیا جا سکتا ہے اپوزیشن کے ساتھ طے کرلیا جائے کہ وہ قانون جو قومی اہمیت کی حامل ہیں۔ ان پر اتفاق رائے سے قانون سازی کرلی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ملکی مفاد میں قانون سازی کی جاتی رہی ہے لیکن جو کشمکش کی صورتحال اس وقت ہے اس سے ہو سکتا ہے کہ اب یہ نہ ہوسکے اور مخالفت برائے مخالفت کا سلسلہ جاری رہے ۔وسیم سجادنے کہا کہ عمران خان اب وزیر اعظم بننے جارہے ہیں ان کی ا پروچ بھی اب مختلف ہوگی لیکن دیکھنا یہ ہوگا کہ اپوزیشن کارویہ کیساہے؟ کیونکہ مسلم لیگ ن اپنی تمام مشکلات کاذمہ دار تحریک انصاف کو ٹھہراتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال بھی ممکن ہے کہ عمران خان صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے قبل از وقت الیکشن کروا دیںاور حکومت اپنے پانچ سال پورے نہ کرے ۔عمران خان کی شخصیت کے پیش نظر یہ ہو سکتا ہے ۔