لاہور (سچ نیوز)تجزیہ کار زاہد حسین نے کہاہے کہ عمران خان نے خارجہ پالیسی کے حوالے سے کوئی لمبی چوڑی بات نہیں کی ،امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات نہ ہونے پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”ٹو نائٹ ودھ معید پیرزادہ “ میں گفتگو کرتے ہوئے زاہد حسین نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال اگر خراب ہے تو ملک کی خارجہ پالیسی کبھی بھی خودمختار نہیں ہو سکتی ۔ عمران خان نے خارجہ پالیسی کے حوالے سے کوئی لمبی چوڑی بات نہیں کی اورملکی معاشی صورتحال پر زیادہ بات کی ہے ۔ انہو ں نے خارجہ پالیسی کے حوا لے سے صرف اتنا کہاہے کہ ہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل در آمد کی بات کی ہے اور یہ اس وقت ہی ہو سکتاہے جب وہ تمام اداروں کو آن بورڈ لے کر چلیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات اچھے نہ ہونے پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔پریشان ہونے کی ضرورت ملک کی خراب معاشی صورتحال پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے برعکس پنجاب میں اصلاحات کرنا کوئی ایسا آسان کام نہیں ہوگا کیونکہ جہاں بھی اصلاحات ہوتی ہیں وہا ں مزاحمت بھی ہوتی ہے ۔