لاہور (سچ نیوز ) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کا سیاسی کارکنوں کو گدھا کہنا قابل مذمت ہے ،عمران خان کی تقاریر سے انکی سیاسی اور اخلاقی تربیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ،لاکھوں افراد اپنے قائد کا فقید المثال استقبال کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی تقریر پر ردعمل کااظہارکرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب کی سیاسی تربیت پر دکھ ہوتا ہے اور عمران خان کی تقاریر سے انکی سیاسی اور اخلاقی تربیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہنوازشریف اور مریم نواز کا استقبال کرنے لاکھوں کی تعداد میں لوگ لاہور ائیرپورٹ آئینگے،ہم اپنے قائد کا پر امن استقبال کریں گے ،اس میں کیا ڈر ہے کہ لاہور کو بند کر دیا گیا ہے ،موٹروے بند کر دی گئی ہے ،ہمارے کارکنوں کے گھروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں ،گرفتاریاں ہو رہی ہیں،معصوم لوگوں کے گھروں میں گھس کر خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی جا رہی ہے جو افسوسناک ہے ،ہم نے لاک ڈاؤن کو بھی سہا ہے ،دھرنے بھی برداشت کئے ہیں ،یہ 2018 ہے 1980 اور 90 کی دہائی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام رکاوٹوں ،تمام گرفتاریوں،تمام دھمکیوں ،دھونس اور دھمکیوں کے باوجود لاکھوں افراد اپنے قائد کا استقبال کرنے کے لئے نکلیں گے ۔واضح رہے کہ عمران خان نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف ایسے آرہے ہیں جسے بہت بڑا معرکہ مار لیا ہو، قانون کی بالا دستی سے قومیں ترقی کرتی ہیں، عوام کو شعور آچکا ہے ، نواز شریف کے استقبال کیلئے جانیوالوں اور گدھوں میں کوئی فرق نہیں ہوگا ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے کارکن کو جب اسکا بچہ پوچھے گا کہ ابا جی آپ ایئر پورٹ پر کیا لینے جارہے ہیں؟ تو وہ جواب دے گا کہ میں میاں محمد نواز شریف کو لینے جارہا ہوں جو بڑی محنت سے قوم کا تین سو ارب روپیہ چوری کرکے باہر لے کر گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا کوئی بھی باشعور کارکن ائر پور ٹ پر نہیں جائیگا،استقبال کیلئے جانیوالوں اور گدھوں میں کوئی فرق نہیں ہوگا ۔