لاہور: (سچ نیوز ) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہم نے تو حکومت سے این آر او نہیں مانگا، فواد چودھری بتائیں کہ یہ مطالبہ کس جانب سے آ رہا ہے؟
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دی فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عثمان بزدار کے بجائے فواد چودھری کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنانا چاہیے تھا، کیونکہ وہ اچھا کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ فواد چودھری بتائیں کس نے این آر او مانگا ہے، تحریک انصاف نے سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیا، کیا آصف زرداری نے این آر او مانگا ہے؟ ہم نے تو ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا، ہمارا کہنا یہ ہے کہ عمران خان کس حیثیت میں این آر او دیں گے؟
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں لیڈر آف دی اپوزیشن ہیں، کیسز تو حکومتی لوگوں کیخلاف بھی چل رہے لیکن شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا۔