اسلام آباد (سچ نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد اللہ خان نے کہاہے کہ عمران خان کو لانے والوں نے ہم کوعام انتخابات میں ہرایا، ہماری 165سیٹوں کو 64سیٹوں میں تبدیل کردیا گیا ۔
سماءنیوز کے پروگرام ”نیوز بیٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ نے کہا کہ ہم عمران خان سے نہیں ہارے بلکہ عمران خان کو لانے والوں سے ہارے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے نعرے ”ووٹ کو عزت دو“کو نہیں روکا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا الیکشن میں دھاندلی نہیں کی گئی بلکہ یہ کیا گیاہے کہ ہمار ی سیٹوں کو جو 165ہونی تھیں وہ 64کردی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں جھر لو پھیرا گیاہے ، کبھی کسی الیکشن میں اس طرح نتیجے تبدیل نہیں ہوئے ۔کوڈ آف کنڈکٹ یہ تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں پر کپڑا لگایا گیا اوران کارخ موڑا گیا۔ ہر پولنگ سٹیشن پر سی سی ٹی وی لگا ہواہے لیکن فوٹیج کسی کی بھی نہیں۔ ہم ابھی انتظار کررہے ہیں اور وقت آنے پر متعلقہ فورمزپر جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ کرنے والوں نے بہت بڑا ظلم کیاہے اور اپنے ساتھ بھی ظلم کیاہے ۔ عمران خان نے جی ایچ کیو جا کر بہت اچھا کیاہے ۔ ان کو جی ایچ کیو ہی جانا چاہئے تھا اور قائد اعظم کے مزار پر نہیں جانا چاہئے تھا ۔انہوں نے کہاکہ اگر شفاف احتساب ہوا تو عنقریب عمران خان جیل میں ہوگا ۔ عمران خان ایک زاویے سے کرپشن نہیں کرتے ۔میں چاہتا ہوں کہ ہر کر پٹ کا احتساب ہونا چاہئے ۔ اگر تحریک انصاف نے احتساب کیاتو اسی دن ہی ان کی حکومت پنجاب اور مرکز سے ختم ہوجائے گی ۔مشاہد اللہ نے کہا کہ جو لوگ جیل کی سلاخوں کوچوم کرجیلوں میں چلے جاتے ہیں ان کو این آر او کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ نوازشریف اور مریم نواز کی تاریخ بن رہی ہے ۔مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف جیسا جب کوئی دوسرا پیدا ہوگا تو پھر بات کی جائے ۔ نوازشریف کو انتقام کا نشانہ بنایا گیاہے ۔ عمران خان ایک کٹھ پتلی ہیں ان سے نوازشریف کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ این آر او کیلئے کوئی خفیہ ملاقاتیں نہیں کی جارہیں۔ نوازشریف پاکستان اور پاکستان کے عوام کے لئے قید تنہائی کا سامنا کررہے ہیں۔نوازشریف پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی اور اس کے باوجود نوازشریف کوجیل میں ڈال دیا گیا جس سے لگتاہے کہ بات کوئی اور ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے انتخابات پرڈاکہ ماراہے اور عمران خان ایک ڈاکو وزیر اعظم ہے ۔ ساری دنیا کو پتہ ہے کہ ہم جیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات فواد چودھری کوئی سچا آدمی نہیں ہے ۔اپنے کتوں کو چھوڑ کر دوسروں کے گھروں میںجھانکنے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوتا ۔