بیجنگ: (سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کابینہ کے دیگر ارکان کے ہمراہ چین میں موجود ہیں جہاں ان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے چین کے گریٹ ہال میں ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری سمیت دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے کے امور پر بھی بات ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان گزشتہ رات چینی قیادت کی دعوت پر اپنے چین کے پہلے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچے، ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیرریلوے شیخ رشید، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیراعظم کے مشیرعبدالرزاق داؤد اور وزیراعلی بلوچستان جام کمال بھی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ کا گرمجوش استقبال کا بے حد ممنون ہوں، ہمارا ملک چین کی ترقی سے بہت متاثر ہے، چینی صدر کا ویژن اور قیادت رول ماڈل ہے، چین جس طرح غربت اور کرپشن سے نمٹا ہے کسی اور ملک نے نہیں کیا، پاکستان غربت اور کرپشن کے خاتمے کے لیے چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات سے خطے کو ثمرات مل رہے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات مظبوط ہیں اب ان میں نئی جہت آرہی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات نہ صرف باہمی بلکہ خطے کے دیگرممالک کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔