گلگت: (سچ نیوز) بلاول بھٹو کا کہنا ہے غیر جمہوری قوتوں نے پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر حکومت بنائی، ابتک صرف انتقامی کارروائی کی گئی، حکومت نے کرپشن کیخلاف کوئی اقدام نہیں کیا، عمران خان سیاسی مخالفین پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں، آمروں کا مقابلہ کیا، اس کٹھ پتلی حکومت کا بھی مقابلہ کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا چوری سے ووٹ لے کر حکومت بنائی ہے، عمران خان کا غیر پیشہ ورانہ انداز سے خارجہ پالیسی چلانا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان بیرون ملک سیاسی مخالفین کیخلاف باتیں کرتے ہیں، وزیراعظم بیرون ملک وفاق کی نمائندگی کریں، وزیراعظم ملک کی حمایت کیلئے جاتے ہیں لیکن ملکی سیاست ڈسکس کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں، حکومت غریب دشمن ہے، پالیسیاں تبدیل کرے۔ انہوں نے کہا کرپشن کو ختم کرنا ہے تو بلا امتیاز احتساب کرنا ہوگا، جو سلسلہ چل رہا ہے وہ انتقامی سیاست کا سلسلہ ہے، حکومت کمزور ہے، صرف انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔